صنعاء ، 19؍ستمبر (ایس او نیوز ؍ آئی این ایس انڈیا )یمنی صدر عبد ربہ منصور ہادی نے اپنی کابینہ میں غیرمعمولی ردو بدل کیا ہے۔ ساتھ ہی یمنی حکومت نے مرکزی بینک کا صدر دفتر صنعاء سے عدن منتقل کردیا ہے۔یمنی صدر عبد ربہ منصور ہادی نے وزیراعظم احمد عبید بن دغر کی کابینہ میں تبدیلی کی ہے اور وزارت اطلاعات اور مالیات کے قلم دان تبدیل کردیے گئے ہیں۔ مرکزی بینک کے گورنر کو ہٹا کر نیا گورنرمقرر کرتے ہوئے بینک کا ہیڈ کوارٹر صنعاء سے عدن منتقل کردیا ہے۔کابینہ میں تبدیلی کرتے ہوئے معمر مطہر الاریانی کو وزیر اطلاعات و نشریات، محمد عبدالمجید قباطی کو وزیرسیاحت، احمد عبید الفضلی کو وزیرمالیات، احمد زبین عطیہ کو وزیراوقاف ومذہبی امور، حسین عبدالرحمان باسلامہ کو اعلیٰ تعلیم، عبداللہ سالم الملس کو وزیر تعلیم اسکولز اور مروان احمد دماج کو وزیر ثقافت کے قلم دان سونپے گئے ہیں۔اسی طرح کابینہ میں شامل ہونے والے نئے چہروں میں عبدالغنی حفظ اللہ جمیل اور عبدالرب صالح السلامی بھی شامل ہیں جنہیں وزیرمملکت کے قلم دان سونپے گئے ہیں۔صدر عبد ربہ منصور ہادی نے مرکزی بینک کے سابقہ گورنر کو ہٹا کر منصر صالح محمد القعیطی کو مرکزی بینک کا نیاگورنر اور عباس احمد عبداللہ پاشا کو ڈپٹی گورنر کے عہدے پر تعینات کیا گیا ہے۔ مرکزی بینک کی انتظامیہ میں تبدیلی کے ساتھ ساتھ بینک کا صدر دفتر صنعاء سے عدن منتقل کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔بینک کی صنعاء سے عدن منتقلی یمنی باغیوں کے لیے بہت بڑا دھچکا ثابت ہوسکتی ہے۔